5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
متاثرین سیلاب:الطاف حسین کی جانب سے مزیدپانچ ہزارپاوٴنڈ کااعلان
جنگ نیوز -
لندن....متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے سیلاب زدگان کیلئے مزیدپانچ ہزارپاوٴنڈعطیہ کرنے کااعلان کیاہے ۔ یہ اعلان انہوں نے لندن میں ایک نجی ٹی وی پر فلاحی ادارے سن (سوسائٹی فورانویل اینڈنیڈی)(Society for Unwell and Needy) کے ٹیلی تھون کے دوران کیا۔اس موقع پر الطاف حسین کی صاحبزادی افضاء الطاف نے بھی ا پنی پاکٹ منی سے دوسوپاوٴنڈسیلاب زدگان کے فنڈ میں عطیہ کئے ۔ واضح رہے کہ الطاف حسین اس سے قبل مجموعی طورپرپچاس لاکھ روپے سیلاب زدگان کے فنڈ میں جمع کراچکے ہیں۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں تاریخ کاسب سے بڑاسیلاب آیاہے جسکے باعث کروڑوں افرادمتاثرہوئے ہیں اوراس بدترین تباہی سے نمٹنا صرف حکومت کے بس کی بات نہیں۔لہٰذا تمام پاکستانی خواہ وہ ملک میں رہتے ہوں یادیارغیر میں،انہیں چاہیے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کی مددکیلئے آگے آئیں اور اپنے اخراجات میں کمی کرکے سیلاب زدگان کی حتی المقدورمددکریں۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں اپنے ساتھیوں سے بھی گزارش کرتا ہوں کہ آپ عیدپر مجھے کوئی کپڑے یاکسی قسم کے تحائف نہ بھیجیں بلکہ اگرآپ کومجھ سے محبت ہے تواس کی رقم سیلاب زدگان کے فنڈمیں جمع کرائیں اورعیدپر اپنے لئے بھی نئے کپڑے بنانے کے بجائے وہ پیسے بھی سیلاب کے متاثرین کیلئے عطیہ کردیں۔