5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
یہودی بستیوں کی تعمیر شروع کی گئی تو مذاکرات ختم کردینگے،فلسطین
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... فلسطین کے صدرمحمودعباس نے اسرائیلی وزیراعظم سے براہ راست گفتگو میں کہا ہے کہ اگراسرائیل نے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری دوبارہ شروع کی تو امن مذاکرات ختم کردیں گے۔یہ بات فلسطینی ترجمان نبیل شاط نے واشنگٹن میں فلسطین اسرائیل براہ راست مذاکرات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انھوں نے بتایا کہ صدرمحمود عباس نے نیتن یاہو پر واضح کردیا ہے کہ اگریہودی آبادکاری نہ روکی گئی تو مذاکرات جاری نہیں رکھ سکیں گے۔ترجمان کا کہناتھا کہ فلسطین کے لیے یہودیوں بستیوں کی تعمیر روکنے کا معاملہ اولین ترجیح ہے۔جس کی بنیادپر مذاکرات جاری رکھنے یا ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔نبیل شاط نے کہا کہ آبادکاری کے مسئلے پرنمایاں اختلافات پائے جاتے ہیں اورتاحال دونوں اقوام منقسم ہیں۔اسرائیلی رہنماؤں نے کہا ہے کہ آبادکاری بندکرنے کے معاملے پر کوئی فیصلہ کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہے۔فلسطین اوراسرائیل کے درمیان بیس ماہ بعد براہ راست بات چیت دوبارہ شروع ہوئی ہے۔جبکہ اسرائیل نے دس ماہ کے لیے عربوں کے علاقے میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر روکی ہوئی تھی جس کی میعاد چھبیس ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔