5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
دادو: ایف پی بند میں پڑنے والا شگاف145 فٹ تک پہنچ گیا
جنگ نیوز -
دادو . . . . . . . . ضلع دادو میں میاں کنڈی کے مقام پر ایف پی بند میں پڑنے والا شگاف 145 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ ادھر ٹھٹھہ کے ایم ایس بند میں پڑنے والا 1700 فٹ چوڑا شگاف ابھی تک پر نہیں کیا جاسکا ہے۔ضلع دادو میں میاں کنڈی کے مقام پر ایف پی بند کا شگاف مزید چوڑا ہونے کے بعد شہر کو درپیش خطرہ سنگین ہوگیا ہے۔ دادو شہر کو سیلاب سے محفوظ رکھنے کیلئے گزشتہ رات ایف پی بند پرکٹ لگایا گیا تھاجس کے بعد پانی تیزی سے منچھر جھیل میں گرنا شروع ہوگیا ہے۔جبکہ منچھر جھیل میں پانی کی سطح قابو میں رکھنے کیلئے جھیل کا پانی دریائے سندھ میں چھوڑا جارہا ہے۔ٹھٹھہ کے ایم ایس بند میں کوٹ عالمو کے قریب پڑنے والا1700 فٹ چوڑا شگاف ابھی تک پر نہیں کیا جاسکا ۔ادھرسیلاب کے پیش نظر خالی ہونے والے شہر شہداد کوٹ اور جیکب آباد میں زندگی کی رونقیں بحال ہورہی ہیں۔جیکب آباد میں بازار کھل گئے ہیں لیکن بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے بلوچستان جانے والے شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے جیکب آباد لایا جارہا ہے۔