تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں عید منائی جارہی ہے

جنگ نیوز -
پشاور . . . خیبر پختون خوا میں صوبائی حکومت کے عید منانے کے اعلان کے بعد اکثر علاقوں میں نماز عید ادا کی گئی جس میں ملک کی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ جبکہ بیشتراضلاع میں آج 30 واں روزہ ہے۔ دوسری جانب شمالی بلوچستان میں بھی اکثر علاقوں میں عید منائی جارہی ہے۔نوشہرہ میں متاثرین سیلاب کی نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع نوشہرہ کینٹ میں ادا کیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس لائن میں نماز عید کا اجتماع منعقد کیا گیا جہاں چند سرکاری افسران سمیت تقریباً 50 افراد نے شرکت کی۔ یہاں عوامی سطح پر عیدالفطر کل بروز ہفتہ منائی جائے گی۔ باجوڑ ایجنسی کی تمام مساجد میں نماز عید ادا کی گئی ایجنسی کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے انتظامات تھے۔ شمالی و جنوبی وزیرستان، خیبر، مہمند، اور پشاور میں بھی زیادہ تر افراد آج عید الفطر منارہے ہیں۔ ان اضلاع کے مختلف علاقوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ نماز عید کے اجتماعات میں حکومت سے دہشت گردی کے خاتمے اور ڈرون حملے بند کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری جانب سوات، لوئر دیر، اپر دیر، شانگلا ، بونیر، ڈیرہ اسماعیل خان، قبائلی علاقے کرم ایجنسی، اورکزئی ایجنسی، اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں آج 30 واں روزہ ہے۔ جبکہ ایبٹ آباد میں کمشنر ہزارہ صاحب زادہ انیس نے کہا ہے کہ ماضی کی روایات کے مطابق عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہوگی۔ تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان نے کہا ہے کہ پورے ہزارہ ڈویژن میں کہیں عید نہیں منائی جائے گی۔ ادھرشمالی بلوچستان کے شہروں چمن، قلعہ عبداللہ، گلستان ، جنگل پیرعلی زئی، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، سرخاب اور دیگر علاقوں میں درجنوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد کیئے گئے جن میں ملکی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.