5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کوئٹہ،عید کی آمد سے قبل پیٹرول کی شدید قلت سے شہری پریشان
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . کوئٹہ میں عید کی آمد سے قبل ہی پیٹرول کی قلت نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے جبکہ پیٹرول پمپس مالکان کا کہنا ہے کہ شکار پور کا راستہ سیلاب کے باعث بند ہونے سے کراچی سے پیٹرول کی سپلائی نہیں ہو رہی ۔کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موجود پیٹرول پمپوں میں لوگوں کو پیٹرول کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، پمپس کے باہر گاڑیوں ، رکشوں وغیرہ کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو کئی گھنٹوں کے فاصلے طے کر کے ایک سے دوسرے پیٹرول پمپ جانا پڑتاہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کی آمد سے قبل ہی پمپ ملکان کی جانب سے ہمیشہ قلت کا رونا رویا جاتا ہے اور عید کے روز مہنگا پیٹرول فروخت کر کے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب پیٹرول پمپس انتظامیہ نے شہریوں کہ اس الزام کو رد کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث شکار پور کا راستہ بند ہے اور کراچی سے پیٹرول کی سپلائی نہیں ہو سکی۔ اس حوالے سے جب نجی پیٹرول پمپس کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں گاڑیوں کی کمی کے باعث پیٹرول کی سپلائی ممکن نہیں ہے۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول کی قلت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مالکان کا اجلاس بلایا اور نجی پیٹرول کمپنیوں سے رابطہ کر کے شہر میں پیٹرول کی سپلائی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔