5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
ملک کی کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان
جنگ نیوز -
اسلام آباد....محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین چار دن کے دوران سندھ سمیت پاکستان کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق مون سون کا نیا سسٹم بھارت کے مغربی علاقے سے پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ سسٹم پاکستان کے جنوبی خطے کی طرف بڑھے گا،اس سسٹم کی وجہ سے مون سون کی ہوائیں ملک کے مشرقی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب کی جانب سے تازہ ہوائیں پاکستان میں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں ملک کے بالائی علاقوں میں اتوار سے منگل تک بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں بتایا ہے کہ آئندہ دوروز کے دوران کراچی، حیدرآباد،میرپور خاص،نوابشاہ اور تھرپارکر سمیت صوبہ سندھ کے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق اتوار اور پیر کوراولپنڈی،سرگودھا،لاہور،فیصل آباد اور بہاولپور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں اور خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔آئندہ دو روز کے دوران بلوچستان اور آزادکشمیر کے کئی مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔