5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
طالبان کو عام شہریوں کی ہلاکتوں کی قطعی اجازت نہیں ،ملا عمر
جنگ نیوز -
طالبان....افغان طالبان کے سربراہ ملا عمر نے کہا ہے کہ طالبان کو عام شہریوں کی ہلاکتوں کی قطعی اجازت نہیں، امریکا اور نیٹو کوافغانستان میں شکست ہو چکی ہے اورجلد ہی طالبان کی وسیع البنیاد قومی اور اسلامی حکومت قائم ہو گی۔یہ باتیں افغان طالبان کے سربراہ ملا محمد عمر نے افغانستان میں عیدالفطر کے موقع پر پہلی بار عید خطبہ سے خطاب میں کہیں۔ ملا عمرکا خطبہ افغانستان میں طالبان کے زیر قبضہ تمام علاقوں کے نماز عید اجتماعات میں بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ اس کے علاوہ خطبہ کی کاپیاں افغانستان کے شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تقسیم کی گئیں۔ ملا عمر نے طالبان جنگجووں پر زور دیا کہ افغان عوام کو اپنے سے علیحدہ نہ سمجھیں، ان کا تحفظ طالبان کا قومی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور نیٹو کو شکست ہو چکی ہے، ہم جنگ جیت چکے ہیں، بہت جلد غیر ملکی افواج شکست تسلیم کرکے افغانستان سے نکل جائیں گی۔ ملا عمر نے امریکی صدر بارک اوباما پر زور دیا کہ وہ اپنی افواج نکالنے کیلئے پہل کریں تاکہ مزید خون خرابا نہ ہو۔ملاعمر نے کہا کہ جنگ میں کام یابی کے بعد بہت جلد افغانستان میں وسیع البنیاد تمام اقوام پر مشتمل غیر جانب دار اسلامی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو تمام ہمسایہ اسلامی اور غیر اسلامی ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرے گی۔