5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
لاہور،جمعتہ الوداع کی نماز عقیدت احترام سے ادا کی گئی
جنگ نیوز -
لاہور....لاہورمیں جمعتہ الوداع کے موقع پر بادشاہی مسجداور داتا دربار مسجد سمیت شہر کی بڑی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات ہوئے،اس موقع پرسیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ،اجتماعات میں پاکستان کے استحکام اور سیلاب زدگان کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔لاہور میں جمعتہ الوداع کے موقع پر سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔داتا دربار ،مسجد وزیر خان ،مسجد شہدا ،جامعہ نعیمیہ،جامعہ اشرفیہ اور منصورہ میں ہزاروں مسلمانوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر مسجد اور اس کے اردگرد کے علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مساجد کے مرکزی دروازوں پر واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹکٹرز کے ذریعے ہر شخص کی چیکنگ کی جا رہی تھی۔نماز جمعہ میں علما کرام نے ملکی سلامتی ،استحکام اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔علما نے ملک میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری اور سیلاب زدگان کی جلد گھروں کو واپسی اور بحالی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔