5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کوئٹہ:سیلاب متاثرین میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ، پولیس کالاٹھی چارج
جنگ نیوز -
کوئٹہ....کوئٹہ کے کمشنرآفس میں سیلاب متاثرین میں راشن کی تقسیم کے دوران متاثرین کا اشیا خوردونوش پر لوٹ مار کے بعد بھگدڑمچ گئی جس پر پولیس نے متاثرین پر لاٹھی چارج کردیا ۔کوئٹہ میں کمشنر کے دفتر میں پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر اور سینیٹر نواب لشکری رئیسانی کی جانب سے صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں سے آئے ہوئے متاثرین میں راشن تقسیم کئے جانے کی تقریب منعقد ہوئی جس پر متاثرین سیلاب کی بڑی تعداد کمشنر آفس کے احاطے میں پہنچ گئی ۔ تقسیم کے دوران چند مشتعل متاثرین نے اشیا خوردونوش کے ٹرکوں پر دھاوا بول دیا جس سے مجمے میں بھگدڑ مچ گئی جس کے بعد پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لئے متاثرین پر لاٹھی چارج کیا ۔ اس دوران صوبائی وزیرمواصلات صادق عمرانی کے نجی سکیورٹی گارڈز نے اسسٹنٹ کمشنر ریوینیو عظیم ہانبھی کودھکے دیئے ،ان کے بال کھنچے اورانھیں زدوکوب کیا۔اس موقع پر جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر مواصلات میر صادق عمرانی نے کہا کہ صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں متاثرین کوئٹہ میں موجود ہیں جس کی وجہ سے متاثرین کو راشن کی تقسیم کی خبر ملے پر زیادہ تعداد میں یہاں آنا کو ئی بڑی بات نہیں ۔