تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

ملک کے بیشتر شہروں کے شاپنگ سینٹرز میں خریداروں کا رش

جنگ نیوز -
کراچی ... ملک کے بیشتر شہروں میں عید الفطر کی تیاریاں چاند رات کے دوران بھی زورشورسے جاری رہیں۔ اورخریداری کے لیے شاپنگ سینٹرز میں لوگوں کا رش لگا رہا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔چاند رات منانے کی روایت صدیوں سے مسلم ثقافت کا حصہ ہے۔ مگر اب عید کے دن سے بھی زیادہ اہتمام کے ساتھ چاند رات منائی جاتی ہے۔سڑکوں بازاروں میں رات بھررونق رہتی ہے۔ کوشش یہی ہوتی ہے کہ جو لوازمات خریدنے سے رہ جائیں انھیں خوشیوں بھری اِس رات کو ہی حاصل کرلیا جائے۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی چاند رات کوعید کی خریداری اپنے عروج پر رہی۔اور یہ سلسلہ صبح سویرے تک جاری رہا۔۔ خواتین اور بچوں کا جوش و خروش تو دیدنی تھا۔ تاہم بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے سادگی کا پہلو بھی نمایاں رہا۔ کراچی کے شاپنگ سینٹرزلیاقت آباد، مینا بازار، انارکلی، پاپوش نگر، حیدری، طارق روڈ، بہادرآباد، صدر، ایمپریس مارکیٹ اور کلفٹن سمیت کئی کاروباری مراکز میں خوب گہما گہمی رہی۔ مردوں کا رش جوتوں اورکرتا شلوار سوٹ کی دکانوں پر رہا تو خواتین میں ملبوسات کے علاوہ چوڑیاں، مہندی اورمصنوعی جیولری کی خریداری بھی زوروں پر رہی۔ لڑکیاں بناؤ سنگھار کیلئے بیوٹی پارلرز کا رخ کرنا بھی نہ بھولیں۔پاکستان کے دل لاہور میں بھی چاند رات کی گہما گہمی اپنے عروج پر رہی۔ فورٹریس اسٹیڈیم اور انارکلی بازار میں خاص طور پر لوگوں کا رش لگارہا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جہاں کے رہائشی عید کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کو کوچ کرجاتے ہیں وہاں بھی اس بار بازاروں میں رونقیں دیکھنے کو ملیں۔ جناح سُپر مارکیٹ میں مہندی اور چوڑیوں کے اسٹالز پر خاصا رش دیکھنے میں آیا۔کوئٹہ کے لیاقت بازار میں بھی چاند رات کی خوشیاں اپنے عروج پر رہیں۔ دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی عید کی روایتی گہما گہمی نظر آئی۔ تاہم سیلاب سے متاثرہ علاقے چاند رات کی رونقوں سے محروم رہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.