تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

منچھر جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلندہوگئی،ایمرجنسی نافذ

جنگ نیوز -
دادو…منچھر جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلندہوگئی۔ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے اورآب پاشی حکام جھیل کے مختلف بندوں کی نگرانی کررہے ہیں۔جھیل میں پانی کے شدید دباؤ کے پیش نظر ارل ٹیل اور ارل ہیڈ کے تمام دروازے کھول دیے گئے ہیں۔ اریگیشن حکام کے مطابق ایف پی بند اور ایم این وی ڈرین سے منچھر جھیل میں پانی کی آمد 37 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ جھیل میں پانی کے شدید دباؤ کے پیش نظر ارل ٹیل اور ارل ہیڈ کے تمام دروازے کھول کر پانی کو دریائے سندھ میں چھوڑنے کے ہنگامی اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔ادھر جوہی شہر کے حفاظتی بند پر سیلابی ریلے کا دباؤ بدستور برقرار ہے جبکہ متعلقہ عملے کی عدم موجودگی کے باعث شہری کمیٹی کے زیر اہتمام سیکڑوں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بند کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ دادو شہر سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم این وی ڈرین میں پانی کی سطح بڑھنے کے بعد بند کے ڈرین میں تین مختلف مقامات پر دراڑیں پڑ گئیں جنھیں بھرنے کے لیے مقامی دیہاتی مصروف عمل ہیں۔ دوسری جانب حمل ریگولیٹر کے مقام پر ایف پی بند میں پڑنے والے شگاف کا پانی تیزی سے خیرپور ناتھن سے سیتا روڈکی طرف بڑھ رہاہے۔ سیتاروڈ شہر کے باہر جوہی بیراج پر پانی کا دباؤ بڑھنے کے بعد شہریوں نے مٹی اور پتھروں سے بیراج کی مضبوطی کا کام شروع کردیا ہے۔ ضلع قمبر شہداد کوٹ کے شہر وارہ میں بھی سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔






متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.