تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:58

وزیر ریلوے کی ناک کے نیچے اربوں روپے کا گھپلا

آج نیوز - اربوں روپے کے اسکریپ، مشینری اور تیل کی چوری نے پاکستان ریلویز کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ محکمانہ کرپشن کے ہولناک انکشافات پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اراکین حیران ہو گئے۔ریلوے ہیڈ کواٹر لاہور میں ہونے والے پبلک اکاؤنٹس اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کے مشترکہ اجلاس میں اس امر کا انکشاف کیا گیا کہ صرف لاہور سے روزانہ پانچ لاکھ روپے کا تیل چوری ہو رہاہے جبکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے گیارہ ریڈی ایٹرز اور قیمتی پرزے بھی چوری ہو چکے ہیں۔ قائمہ کمیٹی کے کنوینر ایاز صادق نے چوری کی ان وارداتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے حکام کو ایک ماہ میں تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ناقص ڈیزل کے استعمال کی وجہ سے دو ہزار پانچ میں درآمد کئے گئے چون لوکو موٹیو خراب کھڑے ہیں جبکہ کچھ کے پرزے چوری ہو چکے ہیں۔ چیئرمین ریلویز جاوید اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ ریلویز انجنز کی مرمت کے لئے گیارہ پرائیویٹ کمپنیز نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ سردار ایاز صادق نے اس سلسلے میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔اجلاس کے دوران انکشاف کیا گیا کہ دو ہزار چھ میں محکمہ سوئی گیس اور ریلویز میں انجنوں کو فرنس آئل سے گیس پر منتقل کرنے کا معاہدہ ہوا لیکن محکمہ سوئی گیس نے ایک ارب تیس کروڑ روپے کی ادائیگی کے باوجود کنکشنز نہیں دیئے۔ کمیٹی نے محکمہ سوئی گیس کو اس معاملے پر ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے ہدایت کی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.