23 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:26
بھٹہ مالکان اور مزدوروں کی ہڑتال
آج نیوز - ملک بھر میں بھٹہ مالکان اور مزدوروں کی ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بھٹہ مالکان نے یکم اگست سے کاروبار بند کرنے کی دھمکی دے دی۔لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، چیچہ وطنی، شیخوپورہ، سرگودھا۔ کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھٹہ مالکان نے مزدوروں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرے کئے اوردھرنے دیئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ عوامی حکومت کا دعوٰی کرنے والوں نے لاکھوں خاندانوں کو بیروزگار کردیا ہے۔ چیچہ وطنی میں بھٹہ مالکان اور مزدوروں نے ریلی نکالی۔ شرکاء نے کہا کہ اینٹوں کی فروخت پر سولہ فیصد سیلز ٹیکس ظالمانہ فیصلہ ہے۔ اس اقدام سے لاکھوں افراد بیروزگار ہوجائیں گے۔ کوئٹہ میں بھی بھٹہ مالکان اور ملازمین نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ کوئلے اور بجلی استعمال کرکے پہلے ہی ٹیکس ادا کررہے ہیں اور مزید سولہ فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے سے ان کا کاروبار تباہ ہوجائے گا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو یکم اگست سے ملک بھر میں اینٹوں کی فروخت بند کردی جائے گی۔