23 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:13
خانیوال:دہشت کی علامت، جنگلی سور مارا گیا
آج نیوز - خانیوال پیرووال میں خوف ہراس پھیلانے والا پاگل سور بالآخر مار دیا گیا، ایک شخص کو ہلاک اور چار افراد کو زخمی کرنے والا یہ درندہ تین اضلاع کے شکاریوں کے آگے بے بس ہوگیا۔شکاریوں کے ہاتھوں مارے جانے والے اس پاگل سور نے گذشتہ کئی روز سے خانیوال پیرووال کے جنگلات اور گردونواح کے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلایا ہوا تھا، یہ جنگلی سور ایک شخص کی جان لے چکا تھا، گزشتہ روز میڈیا کی موجودگی میں سور نے دوسرے نوجوان پرحملہ کیا اور کلہاڑیاں کھانے کے باوجود نوجوان کا بازو ساتھ لے گیا تھا۔اس کے بعد بھی سور کے پاگل پن کا سلسلہ نہ رکا، آج لکڑی کاٹنے کیلئے جنگل پہنچنے والے مزید تین نوجوان خونخوار درندے کے ظالم جبڑوں کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔معاملے کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے تین اضلاع سے شکاریوں کا جتھہ تیار کیا گیا اور سارا دن کی تلاش کے بعد بالآخر پاگل سور کو پکڑ لیا گیا۔گولیاں مارکر جب خوفناک درندے کا خاتمہ کردیا گیا تو علاقہ مکینوں نے سکون کا سانس لیا۔ کل کے حادثے میں بازو سے محروم ہونے والے نوجوان نے زندہ بچ جانے پر آج نیوز کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جو اتفاق سے کوریج کے لیے علاقے میں موجود تھی اور اس نے نوجوان کو خونی درندوں کو پنجوں سے نجات دلائی تھی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آبادیوں سے ملحقہ جنگل میں ایک اور سور موجود ہے جو انسانوں پر حملے کررہا ہے۔ شکاریوں کی ٹیم شام ہونے تک اس جنگلی سور کو بھی تلاش کرتی رہی۔