24 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:28
رمضان میں سحر و افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی
آج نیوز - وفاقی وزیر پانی وبجلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا وعدہ نہیں کرسکتے تاہم سحر وافطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ ملک میں بجلی کی طلب ساڑے 17 ہزار میگا واٹ یومیہ ہے جبکہ پیداوار 13 سے 14 ہزار میگاواٹ ہے، بجلی کی طلب اور رسد کے فرق کو ختم کرنے کیلئے 1 سے 8 سال تک کے قلیل اور طویل المدتی مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ 2 سال کے دوران ملک میں 3 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے جبکہ رواں سال جون تک بجلی پیدا کرنے کے 12 منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی جاسکتی، انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت کی وجہ سے بجلی کی پیداوار کیلئے تیل پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے لیکن مستقبل میں فرنس آئل کے بجائے صرف کوئلے اور ہائیڈرل کے پروجیکٹ لگائے جائیں گے اور ایٹمی بجلی گھر کے منصوبوں سے بھی سستی بجلی پیدا کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں تاہم سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ سید نوید قمر نے کہا کہ کمشنری نظام کو واپس نہیں لیا جائے گا تاہم اس نظام میں مشاورت کے ذریعے ترامیم لائی جاسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ میں کوئی سیاسی جماعت ملوث نہیں ہے، دہشت گرد اور مختلف مافیاز اپنے مذموم مقاصد کیلئے گھناینی کاروائیاں کررہے ہیں۔