24 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:44
لاہور: محکمہ ایکسائز کا غیر قانونی فیشن شو پر چھاپہ
آج نیوز - لاہور کے ایک ہوٹل میں محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے چھاپہ مار کر فیشن شو بند کرا دیا ، نان پروفیشنل ماڈلز میڈیا کے سوالات سے گھبرا کر بھاگ گئیں ۔ لاہور گرینڈ میں عین اس وقت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشنز کی ٹیم نے چھاپہ مارا جب ہوٹل کی گلوریہ جینز کافی شاپ کے ہال میں غیر قانونی فیشن شو اپنے عروج پر تھا ، ٹیم میں شامل ای ٹی او عارف حسین، اسسٹنٹ ایکسائز آفیسر نعیم نادر اور انسپکٹر میاں کفائت نے بتایا کہ ان کو اطلاع ملی تھی کہ لاہور گرینڈ میں جاری ایک فیشن شو کی انتظامیہ نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شو کے ٹکٹ فروخت کئے اور حکومت کے خزانے میں جانے والا پینسٹھ فیصد ایکسائز ٹیکس ہڑپ کرنے کی کوشش کی جسے محکمے کی ٹیم نے ناکام بنا دیا۔ اس موقعے پر انتظامیہ کے ایک رکن نے کہا کہ انہوں نے ڈی سی او لاہور سے شو کے انعقاد کا اجازت نامہ لے رکھا ہے لیکن وہ محکمہ ایکسائز کا این او سی نہ لینے کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب نہ دے سکے ۔ فیشن شو میں حصہ لینے والی ایک لڑکی نے بتایا کہ شو میں شامل اکثر ماڈلز غیر تربیت یافتہ اور نان پروفیشنل تھیں لیکن ہمارے ملک میں سب کچھ چلتا ہے ، میڈیا نے جب ماڈلز سے شو کی بندش اور پست معیار کے حوالے سے سوالات کئے تو وہ بھاگ اٹھیں اور کچھ منہ چھپا کر چل دیں ۔