19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:49
گوجرانوالہ:مقدمہ بازی کی رنجش پر پانچ سال کا بچہ قتل
آج نیوز - گوجرانوالہ میں مقدمہ بازی کی رنجش پر پانچ سالہ بچے کو قتل کر دیا گیا،واقعے کے خلاف ورثاء نے احتجاجی مظاہرہ کرکے جی ٹی روڈ بلاک کردی۔ پولیس نے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے مسلم چوک میں ذاتی دشمنی کی بنا پر جنید اور سفیان نامی افراد نے محنت کش ارشد کے پانچ سالہ بیٹے انس کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔ اہل علاقہ نے لاش جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال قبل ملزمان نے مقتول انس کے کزن گیارہ سال محمد علی کو قتل کیا تھا اور کیس کی پیروی کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے تھے، پولیس نے کارروائی نہیں کی جس پر ملزمان نے دوسرے بچے کو بھی قتل کر دیا۔ لوگوں نے پولیس کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور پتھراؤ بھی کیا۔اس موقعے پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا۔