19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:49
شیخوپورہ:ماں نے کمسن بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگادی
آج نیوز - شیخوپورہ میں غربت اور افلاس سے دلبرداشتہ خاتون نے چار کمسن بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگادی۔خود تو بچ گئی ، ڈیڑھ سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی۔ اب مسرت بی بی کو مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔موضع بمبانوالہ کی رہائشی مسرت بی بی کا خاوند بے روزگار تھا جس کی وجہ سے گھر میں فاقوں نے ڈیرے ڈال لیے تھے۔ جب مسرت اپنے شوہرظفر حسین سے بچوں کے لیے دودھ اور کھانے کے لیے پیسے مانگتی تو وہ اس پر تشدد کرتاتھا جس سے تنگ آکر مسرت بی بی نے اپنے چار بچوں آٹھ سالہ سعدیہ،پانچ سالہ نادیہ،اڑھائی سالہ ظہیر اور ڈیڑھ سالہ ثانیہ کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگادی۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسرت بی بی اور اسکے تین بچوں کو زندہ نکال لیا جبکہ ڈیڑھ سالہ شیرخوار بچی ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی جبکہ مسرت بی بی کے خلاف اقدام خودکشی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔