20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:23
لاہور، 67 لیبارٹریز سیل، مالکان کیخلاف مقدمات درج
آج نیوز - لاہور میں ڈینگی متاثرین کو لوٹنے والوں کے خلاف کریک ڈوان جاری ہے۔ سڑسٹھ لیبارٹریوں کو سیل کرکے مالکان کے خلاف مقدمات درج جبکہ متعدد دکاندار بھی گرفتار کرلئے گئے۔ پولیس نے برانڈرتھ روڈ، نیلا گنبد، اچھرہ اور ماڈل ٹاوٴن سمیت دیگر علاقوں میں کریک ڈاوٴن کیا اور ڈینگی کی ادویات اور اسپرے مشینیں مہنگے داموں فروخت کرنے والے متعدد دکانداروں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے۔ اس سے پہلے ڈی آئی جی آپریشنز غلام محمود ڈوگر نے رکن قومی اسمبلی بلال یٰسین اور ڈی جی ہیلتھ کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرس کے دوران کہا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر شروع کئے جانے والے کریک ڈاوٴن میں کوئی دباوٴ قبول نہیں کیا جائے گا، مصیبت کی اس گھڑی میں ڈینگی کی ادویات مہنگے داموں فروخت کرنے والی کالی بھیڑوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔دوسری جانب نجی لیبارٹریوں کے خلاف کارروائی تیسرے روز بھی جاری رہی۔ سڑسٹھ لیبارٹریوں کو سیل کرکے ان کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔