20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:39
کراچی: ڈینگی مرض میں مبتلا 6 سالہ بچی زندگی کی بازی ہار گئی
آج نیوز - سول اسپتال کراچی میں چھ سالہ بچی ڈینگی کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئی، ہلاکتوں کی تعداد چار ہوگئی، شہر کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی وائرس کے مزید چوبیس افراد کو داخل کرلیا گیا۔ کراچی کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بتیس افراد ڈینگی کے شبہے میں لائے گئے، جن میں سے چوبیس افراد کو داخل کرلیا گیا۔ اسپتالوں میں داخل ڈینگی وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد انسٹھ ہو گئی ہے۔ سول اسپتال میں زیر علاج ڈینگی وائرس کی مریضہ چھ سالہ فضیلہ زندگی کی بازی ہار گئی۔ رواں سال شہر میں اب تک ڈینگی وائرس سے چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب حیدرآباد میں ایک اور گھوٹکی میں ایک شخص کو ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔ رواں سال کراچی میں اب تک دو سو چھتیس افراد اور سندھ کے دیگر اضلاع میں چونتیس افراد میں وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔