20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:24
جولائی اگست میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں تیرہ فیصد اضافہ
آج نیوز - جولائی اگست میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں تیرہ فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم رواں مالی سال ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمد کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکے گا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ملکی ٹیکسٹائل کی برآمدات کی مالیت بارہ اعشاریہ چھ سات فیصد بڑھ کر دو ارب بیس کروڑنوے لاکھ ڈالر ہوگئیں۔ جو گزشتہ سال اسی عرصے میں ایک ارب چھیانوے کروڑ ڈالر تھی۔ اس دوران خام کپاس کی برآمد میں آٹھ سو اکتالیس فیصد اضافہ ریکارڈ کی گیا۔ بیڈ ویئر کی برآمد پانچ فیصد اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمد اکیس اعشاریہ سات پانچ فیصد بڑھ گئیں۔ جبکہ سوتی دھاگے کی برآمد میں ساڑھے سات فیصد اور کپڑے کی برآمد میں بارہ فیصد کمی ہوئی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث رواں مالی سال ٹیکسٹائل کی برآمد کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکے گا۔ اعدادو شمار کے مطابق بارش کے باعث اب تک پندرہ سے بیس لاکھ کپاس کی گانٹھیں ضائع ہوچکی ہیں۔ جس سے رواں مالی سال کپاس کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے پندرہ لاکھ بیلز کم رہے گی۔