20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:24
سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز پر پابندی لگائی جائے، نواز شریف
آج نیوز - ن لیگ نے سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز پر پابندی اور کراچی کو خون میں نہلانے والوں کو انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا۔ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کراچی میں تاجروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ملک کے لئے ناسور ہیں، کراچی میں قیام امن کے لئے یہ ونگز ختم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو شہر میں امن کے لئے سیاست سے ہٹ کر سوچنا ہوگا۔ نواز شریف نے حکومت پر وعدے وفا نہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ قومی اداروں کی تباہی ملک کی تباہی کے مترادف ہے، حکومت کو معاملات درست سمت میں لانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ نواز شریف نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سیلاب پر سیاست نہیں ہونی چاہئے انہون نے عالمی اداروں سے امداد مانگنے کو بھی قومی غیرت کی نفی قرار دیا۔ نواز شریف کاکہنا تھا کہ توانائی کے بحران کی بنیادی وجہ حکومت کی بے حسی ہے۔