20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:24
اسلام آباد: تجارتی و سرمایہ کاری تعاون پر پاک، امریکا مذاکرات
آج نیوز - پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون پر مذاکرات اسلام آباد میں جاری ہیں۔ سیکریٹری تجارت ظفر محمود نے کہا ہے کہ امریکا بھیجے جانے والے ایم کی پاکستان میں ہی حتمی چیکنگ مکمل کرنے کی اجازت دی جائے۔ اسلام آباد میں ہونے والے پانچویں پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت ظفر محمود کر رہے ہیں۔ جبکہ امریکی وفد نائب نمائندہ تجارت برائے جنوبی و وسطی ایشیاء مائیکل ڈیلینی کی سربراہی میں بات چیت میں شریک ہے۔ مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ سیکریٹری تجارت ظفر محمود نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ پاک امریکا تجارت ہمیشہ پاکستان کے حق میں رہی ہے۔ امریکا کی طرف سے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر بات چیت کا دوبارہ ایغاز پاکستان کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ٹی او میں پاکستان کو ملنے والی تجارتی مراعات کی حمایت کرنے پر امریکا کے شکر گذار ہیں، ظفر محمود نے زور دیا کہ پاکستان سے امریکا بھیجے جانے والے ایم کی حتمی چیکنگ پاکستان میں ہی مکمل کرنے کی اجازت دی جائے۔