20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:40
مستونگ: زائرین کی بس پر فائرنگ، چھبیس افرادجاں بحق
آج نیوز - مستونگ کے علاقے غنجہ ڈوری میں زائرین کی بس پر فائرنگ سے چھبیس افراد جاں بحق ہوگئے۔ دس زخمی ہیں، امدادی کارروائیوں کیلئے جانے والوں پر اخترآباد کوئٹہ میں فائرنگ سے مزید تین افراد جاں بحق ہوئے۔زائرین کی بس کوئٹہ سے ایران کے لئے روانہ ہوئی تھی کہ مستونگ کے قریب دہشت گردی کا نشانہ بن گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے بس روک کر زائرین کو اتارا اور فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔ بس میں اڑتیس زائرین سوار تھے۔ جن میں سے چھبیس جاں بحق اور دس زخمی ہیں۔ زخمیوں کو کوئٹہ کے مختلف اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ بولان میڈیکل کمپلیکس میں اب تک تین لاشیں اور دو زخمی لائے گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں مہدی ، عبدالعزیز اور موسی شامل ہیں۔ سول اسپتال اور بولان میڈیکل کمپلکیس مین ایمرجنسی نافز کر دی گیئی۔ لیویز کے اہلکار پچاس منٹ بعد جائے وقوع پر پہنچے۔ لیویز کا کہنا کہ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کیں۔ امدادی ٹیمیں میڈیا پر خبر آنے کے بعد روانہ ہوئیں۔ مریضوں کو لانے کیلئے ایدھی اور دیگر رفاہی اداروں کی ایمبولینسز استعمال کی جارہی ہیں۔ زخمیوں اور لاشوں کو لانے کیلئے جانے والے افراد پر کوئٹہ کے اختر آباد بائی پاس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ جس میں مزید تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد عوام میں خوف و ہراس پایاجاتا ہے۔ کوئٹہ کے اسپتالوں میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین نے مستونگ میں زائرین کی بس پر فائرنگ اور ہلاکتوں کی شدید مذمت کی۔ مجلس وحدت المسلمین نے کا کہنا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان دہشتگردی کی کارروائیاں روکنے میں ناکام ہوگئے۔