تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:12

لاہور :مزید چار افراد ڈینگی وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے

آج نیوز - لاہور میں مزید چار افراد ڈینگی وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے۔ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں گیارہ سو افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی ہے۔ نو سو چوہتر کا تعلق لاہور سے ہے۔ مچھر مار اسپرے کی سو مشینیں ایئرپورٹ پر پہنچ گئیں۔لاہور کے میواسپتال میں آج صبح دو افراد جاوید اقبال اور خلیل جبکہ جناح اسپتال میں چونتیس سالہ جاوید اور بائیس سالہ مقدس ڈینگی سے جان بحق ہو گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پندرہ ہو گئی ہے۔ ڈینگی وائرس کے چیک اپ کے لئے اسپتالوں میں بدستور تانتا بندھا ہوا ہے۔لاہور میں نو سو چوہتر نئے مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس پر کنٹرول کرنے کیلئے وقت درکار ہے، عوام میں اس وائرس کے خوف کو کم کرنے کیلئے شہر کے مختلف میڈیکل کالجز کے طلبہ کی ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔سری لنکن ماہرین نے لاہور شہر کے مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا۔ چلڈرن اسپتال میں چوالیس بچے ڈینگی وائرس میں مبتلا پائے گئے، جنہیں دی جانے والی سہولیات سری لنکا کے ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں اپ گریڈ کی جائیں گی۔ ٹیم نے ڈی جی ہیلتھ کے آفس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے بھر کے اسپتالوں میں مریضوں کے اعداد وشمار، طریقہ کار اور سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔ ٹیم نے شہر کے کمرشل علاقوں کا دورہ کرکے پانی کے نمونہ جات حاصل کئے، جن میں بعض جگہ وائرس کے لاروا پائے گئے۔مچھر تلف کرنے کے لئے ایک سو فوگر مشینیں لاہور پہنچ گئیں، جنہیں ضلعی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.