20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:24
آفریدی کی صدر زرداری سے علیحدگی میں ملاقات نہ ہوسکی
آج نیوز - مشیر کھیل سندھ حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں کھلاڑیوں کے وفد نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ شاہد آفریدی کی صدر سے علیحدگی میں ملاقات نہ ہونے کے سبب ریٹائرمنٹ واپس لینے کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں چیف سلیکٹر پی سی بی محسن حسن خان، جاوید میانداد، شاہد آفریدی، سمیع اللہ، نسیم حمید اور دیگر کھلاڑیوں پر مشتمل وفد نے بلاول ہاؤس کراچی میں صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب زدگان کی امداد کے لئے شاہد آفریدی الیون اور مصباح الیون کے درمیان ٹی ٹوئنٹی نمائشی میچ کرانے کے ساتھ مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ ملاقات کے دوران صوبائی مشیر کھیل حلیم عادل شیخ نے صدر زرداری سے شاہد آفریدی اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان معاملات حل کرانے کی درخواست کی جس پر صدر نے مسکرا کر بات ٹال دی۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈینگی وائرس کے سبب ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ لاہور کے بجائے کہیں اور منتقل کردیا جائے جس کی تائید کرتے ہوئے صدر زرداری نے چیئرمین پی سی بی کو ٹورنامنٹ کی منتقلی کے جائزے کی ہدایت کی۔ ملاقات کے بعد بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی سی بی جاوید میانداد، معین خان اور دیگر کھلاڑیوں نے سیلاب زدگان کی امداد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں مدد کرنا سب کا فرض ہے۔