20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:13
چکرا گوٹھ قتل کیس:کامران مادھوری اورسہیل کمانڈو کو گواہ نے شاخت کرلیا
آج نیوز - کراچی کے علاقہ چکرا گوٹھ میں ہیڈ کانسٹیبل اختر کے قتل کیس میں گرفتارملزمان کامران مادھوری اورسہیل کمانڈو کو گواہ نے شاخت کرتے ہوئے بیان قلمبند کروا دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی حلیم احمد کے روبرو پولیس نے دونوں ملزمان کو پیش کیا۔ عدالت کے سامنے ہیڈ کانسٹیبل اختر کے قتل کے مقدمے کے گواہ غلام شبیر نے دونوں ملزمان کو شناخت کیا۔ عدالت نے بیان قلمبند کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ دوسری جانب ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کے منتظم جج جسٹس مقبول باقر کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو ستائس ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ چکرا گوٹھ فائرنگ کیس کے دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں ستائس ستمبر تک توسیع کر دی۔