20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:13
سانحہ سیالکوٹ:سات ملزمان کو سزائے موت سنا دی گئی
آج نیوز - انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ سیالکوٹ کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔سات ملزمان کو سزائے موت اور چھ کوعمر قید کی سزاسنا دی گئی،سابق ڈی پی او اور نو پولیس اہلکاروں کو تین،تین سال قید سنائی گئی جبکہ چھ کو بری کردیا گیا۔ خصوصی عدالت کے باہر پولیس کمانڈوزاور ایلیٹ فورس کے اہلکار تعینات تھے۔گوجرانوالہ جیل میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج مشتاق احمد گوندل نے آج دوپہر فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اس کے بعد ضمانت پر رہا افراد کو بھی اندر ہی روک لیا گیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران فاضل جج نے ریمارکس میں کہا تھا پولیس کی موجودگی میں تشدد کے ذریعے ہلاکتوں سے معاشرے میں اسٹریٹ جسٹس کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ جس کی قانون اجازت نہیں دیتا۔ سانحہ سیالکوٹ گذشتہ برس پندرہ اگست کو پیش آیا۔ وقوعے کے مطابق دو حافظ قرآن بھائیوں منیب اور معیز کو سر عام لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اس سانحے کو لوگوں کی بڑی تعداد نے تماشے کی طرح دیکھا۔ رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں رونما ہونے والا یہ واقعہ دو روز بعد ٹی وی چینلز سے نشر اور اخبارات میں شائع ہوا۔ فوٹیج نشر ہونے کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتیں حرکت میں آئیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی ازخود نوٹس لیا تھا۔