15 جنوری 2012
وقت اشاعت: 11:36
دوسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ کی سری لنکا کیخلاف کامیابی
آج نیوز - ہاشم آملہ اور ڈومینی کی نصف سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔ ایسٹ لندن میں ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکا کی بیٹنگ ابتدائی سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ کپتان دلشان بغیر کوئی رن بنائے دوسرے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر سنگاکارا بھی اکیس کے مجموعی اسکور پر تین رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ اس موقع پر اوپل تھارنگا اورچندی مل نے اسکور میں اضافہ کیا۔ تھارنگا چھاسٹھ اور چندی مل نے بانوے رنز بنائے۔ لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی دیگر سری لنکن بیٹسمین جم کر جنوبی افریقی باؤلرز کا مقابلہ نہ کرسکے۔ سری لنکن ٹیم پچاس اوورز میں دو سو چھتیس رنز بنا سکی۔ جواب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے اعتماد سے بیٹنگ شروع کی اور پہلی وکٹ پر چھہتر رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ گریم اسمتھ اٹھائیس رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ اِن فارم بیٹسمین ہاشم آملہ نے پچپن رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ ڈومینی نے چھاسٹھ رنز اسکور کئے۔ جنوبی افریقہ نے ہدف پانچ وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جے پی ڈومینی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقہ کو پانچ میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔