15 جنوری 2012
وقت اشاعت: 11:50
ذکاء اشرف آج ممکنہ ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور سے ملاقات کرینگے
آج نیوز - پی سی بی کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف آج ممکنہ ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور سے ملاقات کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا کوچ مقرر کرنا چاہتے ہیں جو پاکستان کو ورلڈ چیمپیئن بنوائے۔ جبکہ ڈیو واٹمور نے لاہور آمد کے بعد پی سی بی کوچ کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم سے ملاقات کی۔ لاہور میں زیڈ ٹی بی ایل کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقعے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ نئے کوچ کی تقرری کا کوئی فیصلہ ہوا ہے نہ انہیں کوچ کمیٹی کی سفارشات ملی ہیں تاہم وہ ایسا کوچ لگانا چاہتے ہیں جو پاکستان کو دوبارہ عالمی چیمپیئن بنوائے اور سینئر ٹیم کے ساتھ ڈومیسٹک سطح پر کام کرکے سنیئرز کا بیک اپ تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیو واٹمور کی بہت تعریف سنی ہے اور ان سے ملاقات کی خواہش ہے، جو سوموار کو ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے کوچ کی تقرری انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد ہی ہو گی۔ دوسری جانب ڈیو واٹمور بھارت کے شہر کولکتہ سے دوبئی کے راستے لاہور ایئرپورٹ پہنچے، جہاں پی سی بی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ آمد کے بعد انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچ کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم سے غیر رسمی ملاقات کی، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کی تقرری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وہ ان ملاقاتوں کے بعد سترہ جنوری کو واپس چلے جائیں گے کیونکہ انگلینڈ سیریز کی وجہ سے ان کی تقرری کا اعلان مئوخر کر دیا گیا ہے۔