تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 جنوری 2012
وقت اشاعت: 14:51

سیاسی غیر یقینی اس ہفتے کراچی اسٹاک پر بری طرح اثر انداز رہی

آج نیوز - ملک میں جاری سیاسی غیر یقینی اس ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ پر بری طرح اثر انداز رہی، ہنڈرڈ انڈیکس دباؤ کا شکار رہا۔ اور کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا، میموگیٹ اسکینڈل اور این آر او کیس کی وجہ سے ملک میں جاری سیاسی سطح پر بے چینی اور غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے مارکیٹ سینٹی مینٹس بری طرح متاثر رہے ، جس کے باعث ایک موقع پرہنڈرڈ انڈیکس گیارہ ہزار کی نفسیاتی سطح سے بھی نیچے گر گیا۔ ساتھ ہی درآمدی بل میں اضافے کی وجہ سے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر بھی سرمایہ کاروں کی کاروبار میں دلچسپی نہیں دیکھی گئی ، تاہم کنر پساکھی گیس منصوبے کے افتتاح اور یوریا کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مخصوص اسٹاکس میں ایکٹیوٹی آئی۔ اس طرح ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس ایک سو گیارہ پوائنٹس گر کر گیارہ ہزار چودہ پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ کے اوسط یومیہ کاروباری حجم میں تینتیس فیصد کمی ہوئی اور یہ دو کروڑ اکیاسی لاکھ شیئرز رہا، ساتھ ہی مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بتیس ارب تینتالیس کروڑ ڈالر سے کم ہو کر اکتیس ارب اکسٹھ کروڑ ڈالرز پر آگیا۔اس ہفتے کیمیکل ، آئل اینڈ گیس اور بینکنگ سیکٹر میں کاروباری سرگرمیاں نمایاں رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ این آر او کیس کے حوالے سے آئندہ ہفتے بھی مارکیٹ دباؤ کا شکار رہ سکتی ہے، تاہم عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور کیپیٹل گینز ٹیکس کے حوالے سے مثبت پیش رفت مارکیٹ کے لئے بہتر ثابت ہوگی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.