15 جنوری 2012
وقت اشاعت: 14:51
مزاحیہ اسٹیج ڈرامہ عوامی تفریح کا اہم ذریعہ، رپورٹ
آج نیوز - مزاحیہ اسٹیج ڈرامہ پچھلے تین عشروں سے ملک بھر میں مقبول ہے ، اس تھیٹر پر مختلف طبقوں کی جانب سے اعتراضات بھی کئے گئے لیکن اس کے باوجود یہ عوامی تفریح کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ پچھلے تین عشروں سے ملک میں مزاحیہ میوزیکل کمرشل تھیٹر مقبول عام ہے۔ ملکی سینما انڈسٹری کی ناکامی کے بعد عوام کا ایک مخصوص طبقہ رقص اور مزاحیہ فقروں کی کامیڈی سے محظوظ ہونے کے لئے ان تھیٹر ہالوں کا رخ کرتا ہے۔ ملک کا سنجیدہ طبقہ موجودہ کمرشل تھیٹر پر انگلی تو اٹھاتا ہے لیکن ملک کا متوازی نظریاتی اور اصلاحی تھیٹر اپنی محدود آڈیئنس کے باعث ٹکٹ فروخت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا کیونکہ ان ڈراموں کے ثقیل موضوعات مزاحیہ کھیلوں کے شائقین کی سمجھ سے بالاتر اور مزاج کے برعکس ہیں۔ لاہور کے تین مرکزی تھیٹر ہالوں میں اے کلاس کاسٹ پر مشتمل کھیل مہنگے داموں دکھائے جاتے ہیں۔ دیگر آدھ درجن ہالوں میں نسبتاً کم معروف کاسٹ اور سستی ٹکٹوں کے ساتھ کھیل ہو رہے ہیں۔ آج کے کمرشل تھیٹر میں خواتین کی عدم دلچسپی کے باعث ہم اسے محض مردانہ تفریح کہہ سکتے ہیں ۔ موجودہ دور میں تھیٹر اظہار کا ایک مئوثر ترین ذریعہ ہے، اگر ہم تھیٹر پر تفریح اور اصلاح کا درمیانی راستہ اختیار کریں تو یہ میڈیم معاشرے کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔