15 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:7
پاکستان کو معاشی بحران سے نکلنے کیلئے بجٹ خسارہ کم کرنا ہوگا
آج نیوز - آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکلنے کے لئے بجٹ خسارہ کم کرنے کے ساتھ ،،محتاط مانیٹری پالیسی اور ایکسچینج ریٹ کو قابو میں رکھنے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔آئی ایم ایف کے ایکسٹرنل ریلیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جیری رائس نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ مالی سال دوہزار گیارہ بارہ میں پاکستانی معیشت کو سخت چیلنجز کا سامنا ہوگا۔ نومبر میں پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات کے بعد جاری کئے گئے بیاں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گو کہ ساڑھے تین فیصد حقیقی جی ڈی پی نمو کے ساتھ افراط زر میں کمی کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔ لیکن ایکسٹرنل کرنٹ اکاؤنٹ ایک مرتبہ پھر خسارے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پاکستان میں امن و امان کی مخدوش صورتحال اور عالمی معاشی بحران کے باعث غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔ جس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے حکومت پاکستان کو محتاط مانیٹری پالیسی اور ایکسچینج ریٹ کو قابو میں رکھنے جیسے اقدامات کرنا ہوں گے۔