8 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:14
بارشوں سے بیالیس لاکھ افراد بے گھر، ایک سوبیالیس جاں بحق
اے آر وائی - سندھ کے کئی اضلاع میں مسلسل بارشوں سے بیالیس لاکھ افراد بے گھر، ایک سوبیالیس جاں بحق اور کئی لاکھ ایکڑپر کھڑی فصل تباہ ہوگئی۔صدر زرداری نے نواب شاہ میں آج بھی مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
سندھ میں مسلسل بارشوں کے باعث سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بیالیس لاکھ افراد بے گھر ،ایک سو بیالیس جاں بحق،سترہ لاکھ ستر ہزار ایکڑ کھڑی فصل تباہ ہوگئی۔ صدر آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں بارش اورسیلاب متاثرین سے ملنے کے بعد قاضی احمد،سکرنڈ،دولت پور ،دوڑ،جام صاحب،اور دیگر علاقوں کا فضائی دورہ کیا ، اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں،اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران صدرزرداری کاکہناتھاکہ بارش اور سیلاب متاثرین کی سرکاری وسائل کے ذریعے ہر ممکن مدد کی جائے گی حکومت سیلاب متاثرین کو کسی قیمت پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ضلع تھر کی تاریخ میں تاریخ کی سب سے زیادہ بارش تین سو اکیاسی ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔مٹھی کازمینی رابطہ دوسرا علاقوں سے منقطع ہوچکاہے اور سامارو شہر مکمل طور پر ڈوب چکاہے۔ بارش کے پانی میں گھرے لوگ تمام راستے بند ہونے کےبعد اب ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالنے کی اپیل کررہے ہیں۔ میرپورخاص میں گذشتہ روز دوپہر سے جاری بارش آج بھی دن بھر جاری رہی جہاں دوسو چوبیس ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی،چھتیں اور دیواریں گرنے سے دوافراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ سرکاری اسکولوں میں تعطیل کااعلان کردیا تاہم پانی کی نکاسی میں ناکام ہے۔
حیدرآبادمیں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اٹھائیس روزسےبارش میں ڈوبےضلع بدین میں بھی موسلادھار بارش کاسلسلہ جاری ہے۔سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث بےگھر لوگوں کی آخری پناہ گاہ بھی چھن گئی ہے،انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب میں ناکامی پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ گھوٹکی میں پیپلزپارٹی کے ایم این اے میاں عبدالحق کا کہنا ہے کہ بارش سے سب کچھ تباہ ہوگیا، حکومت فوری طور پر مدد فراہم کرے۔ ٹنڈومحمد خان میں بارش اور سیلاب کےستائے افرادخوراک اور امدادی اشیا نہ ملنے کے خلاف احتجاج کیا،مٹیاری ، سانگھڑاور ملحقہ علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری ہے ، ضلع ٹھٹھہ میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی کارو , گونگڑو سیم نالے میں طغیانی ہےجس سے کئی علاقوں کو خطرہ ہے۔متاثرہ اضلاع میں پاک فوج اور نیوی کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نےبالائی سندھ میں مزیدچوبیس گھنٹے تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔