9 ستمبر 2011
  وقت اشاعت: 6:8
 
 
بین الاقوامی قوتیں پاکستان توڑنےکی سازش کررہی ہیں،الطاف حسین
 
اے آر وائی - ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوتیں پاکستان توڑنے کی سازش کررہی ہیں۔ کراچی کے واقعات اسی سازش کا حصہ ہیں اور کچھ لوگ اس کی حمایت کرکے سازش کا حصہ بنے جارہے ہیں۔
الطاف حسین ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے لندن اور کراچی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ الطاف حسین نے کہا کہ وہ شہادت قبول کرلیں گے لیکن مشن کا سودا نہیں کریں گے۔ انہوں نے وصیت کی بین الاقوامی سازش کے تحت اگر انھیں قتل کردیا جائے تو کارکن مشن کے مطابق لائحہ عمل بنا کر جدوجہد جاری رکھیں۔
رابطہ کمیٹی اپنے کچھ اراکین کو لندن بھیج دے تاکہ لندن اور پاکستان کےارکان کے سامنے وصیت کو حتمی شکل دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو بچانا چاہتی ہے اور تمام زبانیں بولنے والے اس کے پرچم تلے متحد ہیں۔ 
انھوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اپنا سب کچھ چھوڑ کر پاکستان کیلئے قربانیاں دیں۔ لیکن آج اردو بولنے والوں کو برابر کا شہری نہیں سمجھا جارہا اور کراچی میں ان کا قتل عام کرکے انھیں ہی دہشت گرد قرار دیا جارہا ہے ۔ کوئی اگر یہ سمجھتا ہے کہ طاقت سے مہاجروں کو غلام بنا لے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے ساتھ کیا کھیل کھیلا جارہا ہے۔