15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:45
کراچی بدامنی ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ محفوظ
اے آر وائی - سپریم کورٹ نے کراچی بدامنی ازخود نوٹس کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جس کے بعد سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نےکہاہےکہ ہمارے لئے ہرکیس ٹیسٹ کیس ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم کی بعض شقیں شامل کرنے پر پارلیمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ اب کوئی جج غیر آئینی طور پر حلف نہیں اٹھا سکتا ہے ۔
وفاق کے وکیل بابراعوان نے کہاکہ ملک میں تین دفعہ آمروں نے ریفرنڈم کے ذریعے اپنے آپ کو مضبوط کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ یہ سب کچھ ہم نے دفنادیا ہے اب ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ عدالتیں کام کررہی ہیں ۔ جس دن عدالتیں لپیٹنے کی کوششیں کی گئیں ۔ سب ختم ہوجائے گا۔ آئین میں ہر مسئلے کا حل ہے ۔
چیف جسٹس نے کہاکہ بیس برس سے کراچی میں مجرموں کو چھوٹ دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔ انھوں نے بابراعوان سے استفسار کیاکہ یہ بتائیں شہر میں امن ہوگیا۔کراچی میں تیرہ سو سے زائد لوگ مارے گئے کیا کیا گیا۔ بابراعوان نے کہا کہ یہ نہ کہا جائے کہ کچھ نہیں کیا یہ کہا جاسکتا ہے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے۔
عدالت نے سات ستمبر کو شہید ہونے والے پولیس افسران کی تفصیلات اور ملزمان کے حوالے سے معلومات طلب کیں ۔ عدالت نے کہاہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کو پکڑاجائے ۔