19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:27
مونس الہیٰ کے خلاف نیا عبوری چالان عدالت میں پیش کردیا گیا
اے آر وائی - ایف آئی اے کی جانب سے چوہدری مونس الہیٰ کے خلاف نیا عبوری چالان عدالت میں پیش کردیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر اگر مکمل چالان پیش نہ کیا گیا تو ظفر قریشی کو طلب کرلیا جائے گا۔
ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے عبوری چالان میں آٹھ نئے گواہان کو نامزد کیا گیا ہے جس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے ظفر قریشی اور تین جوڈیشل مجسٹریٹ بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ ابھی تک کیس کی پیروی کے لئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو مقرر نہیں کیا جاسکا لہذا عدالت مزید پندرہ روز کی مہلت دے۔
مونس الہٰی کے وکلا نے ایف آئی اے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دئیے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ایف آئی اے نے مکمل چالان پیش نہیں کیا جبکہ ظفر قریشی کا خود عدالت میں پیش نہ ہونا توہین عدالت ہے لہذا عدالت ظفر قریشی کو طلب کرے۔
مونس الہی کے وکلا کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملزم کو بغیر ٹرائل کے لامحدود مدت تک قید نہیں رکھا جاسکتا۔ سپریم کورٹ ماتحت عدالت میں چلنے والے کیس کی نگرانی نہیں کررہی۔ ظفر قریشی عدالت میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، سیش جج مجاہد مستقیم نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔