تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:27

متاثرین سیلاب کی وجہ سےاقوام متحدہ کادورہ منسوخ کیا،وزیراعظم

اے آر وائی - وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کی براہ راست نگرانی کیلئے میں نے اپنا دورہ امریکہ منسوخ کردیا ہے۔



وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع نواب شاہ اور سانگھڑ کے دورہ کے دوران متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کوفکرکرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ حکومت اورپاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں یہ ایک قدرتی آفت ہے اور حکومت سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے تمام ممکن کوششیں کررہی ہے اوراس سلسلے میں صوبائی حکومت اور دیگر اداروں کواس بارے میں ہدایات جاری کردی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خواتین اوربچوں کی دیکھ بھال کیلئے لیڈی ڈاکٹر بھی موجود ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ این ڈی ایم اے ‘ پی ڈی ایم اے اور بیت المال کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں کہیں بھی خوراک کا مسئلہ نہ بنے ۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین بہت جلد اپنے گھروں کوواپس جائیںگے اور حکومت ان کی بحالی کیلئے بھی تمام ممکن تعاون کرے گی ہم عوام کی وجہ سے حکومت میں ہیں اور یہ حکومت عوام کی ہے اورجب ہماری عوام مشکل میں ہوگی تو ہمارا امریکہ جانے کا کیا فائدہ ۔



انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے ملک کے مخیر حضرات اور عالمی برادری سے عالمی امدادی اداروں‘ این جی اوز سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل کی گھڑی میں متاثرین کی مدد کریں تاکہ سندھ کے مصیبت میں مبتلا افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے ہر اضلاع میں بڑے پیمانے پر لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ سندھ میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی توقعات سے کہیں زیادہ ہے، حکومت متاثرین سیلاب کی مدد اور بحالی کیلئے تمام ممکن اقدامات کرے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.