19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:27
جرائم کی تحقیق ، گوگل نے مدد نہ کی تو بندکردیں گے، رحمان ملک
اے آر وائی - وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ سنگین جرائم میں انٹرنیٹ کے استعمال اور تحقیقات میں گوگل کے عدم تعاون پر گوگل پاکستان کے ایڈمنسٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات دے دیے۔
ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ایک اجلاس کے بعد رحمان ملک نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ممبئی حملوں میں استعمال ہونے والی موبائل سمز اور ٹیلی فون کا ڈیٹا امریکا میں ہے لیکن تحقیقات میں متعلقہ ادارے تعاون نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور سنگین جرائم میں انٹرنیٹ اور گوگل کے بڑھتے ہوئے استعمال کے بعد انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں نے تحقیقات میں عدم تعاون جاری رکھا تو یوٹیوب اور گوگل سروس کی پاکستان میں سروس بند کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
امیگریشن واچ لسٹ ختم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ کی موجودگی میں واچ لسٹ کی قانونی گنجائش نہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ الیکٹرانک کرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ قوانین کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جبکہ غیرقانونی ٹیلی فون ٹریفک کی روک تھام کے لیے بھی متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔