19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:28
صوبہ کا حصول ہزارہ کےعوام کا حق ہے ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
اے آر وائی - وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، آئین کے مطابق پرامن جدوجہد کے ذریعہ صوبہ کا حصول ہزارہ کے عوام کا بنیادی حق ہے، اے این پی حکومت ہزارہ کے عوام کی محر و میوں کا ازالہ کرے گی، صوبہ کی تاریخ میں ساڑھے چار ارب روپے کی لاگت سے ضلع ایبٹ آبادکے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سکیم کا افتتاح ہو چکا ہے جس کے مکمل ہونے سے ایبٹ آباد کے عوام کا صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ پورا ہو جائے گا۔
ایبٹ آباد خیبر پختونخواہ ہاؤس میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو میں امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ ہزارہ ڈویژن میں چار انڈسٹری زونز قائم کئے جا رہے ہیں، یہ انڈسٹری زونز ہری پور، حطار، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں قائم کئے جائیں گے جس سے ہزارہ ڈویژن میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور وہاں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں آئی ٹی پارک قائم کیا جار ہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام کا اعلان بھی کیا،وزیر اعلی خیبر پختو نخواہ کی ایبٹ آباد آمد کے مو قع پر صوبہ ہزارہ تحریک کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کئے گے اور مظاہرین نے چھ گھنٹے سے زائد شاہراہ ریشم ٹریفک کیلئے بلاک کردی۔