تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:29

سندھ : سیلاب متاثرین کی تعداد 71 لاکھ تک پہنچ گئی

اے آر وائی - صوبہ سندھ میں بارش اور سیلاب متاثرین کی تعداد اکہتر لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔ انسٹھ لاکھ اڑتیس ہزار ایکڑ رقبہ زیر آب ہے۔ تیرہ لاکھ اٹھاسی ہزارمکانات متاثرہوئے ہیں ۔



ٹنڈو محمد خان کے علاقے بجر خان تالپورمیں بارش کی وجہ سے سیکڑوں مکانات منہدم ہوگئے ۔ متاثرین کے مکانات میں تین تین فٹ پانی جمع ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کا انتظام نہیں کیاگیا۔ بارش کی وجہ سے پیاز، ٹماٹراور کپاس کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے.



میرپور بٹھورو کے علاقے دریاخاں سوھو میں بارش کی وجہ سے فصلیں مکمل زیر آب ہیں ۔ متاثرین کے پاس امدادی سامان بھی نہیں پہنچ سکاہے ۔ علاقے میں وبائی امراض بھی پھیلنا شروع ہوگئے ہیں . میرپورخاص میں بھی بارش کے بعد علاقوں سے پانی نہیں نکالاجاسکاہے ۔ اہم شاہراہیں زیر آب ہیں ۔ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے متعدد مکانات بھی خستہ حال ہوچکے ہیں ۔علاقے میں وبائی امراض پھیل رہےہیں ۔



مٹیاری میں ریلیف کیمپوں میں گیسٹرو کا مرض تیزی سے پھیل رہاہے ۔ گیسٹرو کی وجہ سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیاہے ۔ ہالا کے قریب چھر نہر میں مختلف مقامات پر شگاف پڑنے سے پانی قومی شاہراہ تک پہنچ گیاہے شہداد پور میں بھی آلودہ پانی پینے کی وجہ سے بارش متاثرین پیٹ کی بیماریوں سمیت جلدی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ گیسٹرو سے دو بچے بھی جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ جبکہ گیسٹرو کے مریضوں کی تعداد پانچ سو سے زائد ہوگئی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.