19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:35
وزیراعظم نے ضلع تھرپارکرکوآفت زدہ علاقہ قرار دیدیا
اے آر وائی - وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ضلع تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو پاکستان کارڈ کے تحت 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے، عالمی برادری مشکل وقت میں ہماری مدد کرے، تھرپارکر میں ہندو برادری کی اکثریت ہے اور وہ بھی ہمارے بھائی ہیں، امید ہے متاثرین جلد اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔
ضلع تھرپارکر میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں، میڈیکل کیمپوں اور نوکوٹ قلعے کا دورہ کے موقع پر وزیراعظم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انہیں متاثرین سیلاب کو دیکھ کر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے، تھرپارکر کے علاقے میں بارش اور سیلاب سے بہت سارے لوگ بے گھر ہوئے ہیں، قدرتی آفت کو کوئی بھی نہیں روک سکتا تاہم جو لوگ بے گھر ہوئے ہیں ان کے نقصان کو پورا کرنے کیلئے حکومت تمام کوششوں کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی میں پاکستان کی حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیراعظم نے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آپ غریب عوام کی حکومت ہے، جو ان کی ہر ممکن مدد کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کیلئے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے خوراک، ادویات، امدادی اشیاءاور دیگر ضروری سازو سامان فراہم کریں۔ وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین بارش و سیلاب کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو پاکستان کارڈ کے ذریعے فی خاندان 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے اس کے علاوہ پاکستان بیت المال اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بھی امداد فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں متاثرین کو کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت کا قیام غریب عوام کی دعاؤں اور بینظیر بھٹو کی عظیم قربانی کی وجہ سے قائم ہوئی ہے اس لئے غریب عوام کی بحالی تک ان کی مدد کی جائے گی۔ وزیراعظم نے تھرپارکر کو مکمل آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ہندو برادری کی اکثریت ہے وہ بھی ہمارے بھائی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ متاثرین جلد اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزراءسید خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف، میر منور تالپور، سید نویدقمر، سینیٹر گل محمد لاٹ، تھرپارکر کی ضلعی انتظامیہ اور علاقے کے اہم سیاسی اور سماجی رہنما بھی موجود تھے۔