19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:37
توہین آمیزخاکے شائع کرنے والی تمام ویب سائٹس بند کرنے کا حکم
اے آر وائی - لاہور ہائی کورٹ نے توہین آمیز خاکے شائع کرنے والی تمام ویب سائٹس کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے فیس بک سمیت مذہبی منافرت پھیلانے والی ویب سائٹس پرپابندی کے لئے درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزار وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نام پر اسلامی شعائر کی توہین کی جارہی ہے جس سے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہورہی ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مذہبی منافرت پھیلانے والی ویب سائٹس پر پابندی عائد نہیں کی۔
درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد ہائیکورٹ نے مذہبی منافرت پھیلانے والی تمام ویب سائٹس کو فوری طور پر پاکستان میں بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے تاہم عدالت نے حکم دیا کہ گوگل سمیت کسی بھی سرچ انجن کو بند نہ کیا جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔