تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:47

حنا ربانی کھر کی امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے ملاقات

اے آر وائی - وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اپنی امریکی ہم منصب ہیلری کلنٹن سے ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ سے ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت کو بے حد تعمیری قرار دیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔



اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 66 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے صحافیوں سے مختصر بات چیت بھی کی۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بعض امور پر اختلافات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ان امور کے گہرے ادراک کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2 ماہ قبل انڈونیشیا میں ہونے والی ملاقات میں انہوں نے اور امریکی وزیر خارجہ نے اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔



پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اہداف اور دونوں ممالک کے مفادات بالکل ایک جیسے ہیں۔ پاکستان کے حقانی گروپ کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کیلئے ایک دوسرے کو درپیش صورتحال کا مخصوص پس منظر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایک سینئر پاکستانی افسر نے وضاحت کی کہ کابل میں امریکی سفارتخانے اور نیٹو ہیڈکوارٹر پر حملے کے حوالے سے ملاقات پر مشترکہ اجلاس میں بات چیت ہو چکی ہے، پاکستان نے ان واقعات کی مذمت کی ہے اور کسی بھی قسم کے تشدد کی مخالفت کا واضح اظہار کیا ہے کیونکہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔



وزراء خارجہ ملاقات میں پاکستان نے امریکہ کی طرف سے پاکستان کیلئے تجارتی مراعات اور تعمیرنو مواقع زونز کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ملاقات میں مفاہمتی عمل، علاقائی امن اور اس حوالے سے ترکی اور جرمنی کے کردار اور اقتصادی مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور امریکہ کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ پاکستان افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ پاکستان، افغانستان اور امریکہ مل کر اس عمل کو آگے بڑھائیں اور ایک ہی مؤقف اختیار کریں۔



پاکستانی حکام نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان اور امریکہ کے اہداف ایک جیسے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے سے مشاورت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم یہ ضروری نہیں کہ دونوں ممالک ہر ایک معاملے پر متفق ہوں۔ ملاقات میں پاکستانی وزیر خارجہ کی معاونت سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر، امریکہ میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ عالمگیر بابر نے کی جبکہ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی معاونت پاکستان اور افغانستان کیلئے خصوصی امریکی نمائندہ مارک گراس مین اور پاکستان میں امریکہ کے سفیر کیمرون منٹر نے کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.