20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:51
کوئٹہ : زائرین کی بس پر فائرنگ ، 26 افراد جاں بحق
اے آر وائی - مستونگ کے علاقے لک پاس قریب کوئٹہ سے ایران جانے والی زائرین کی بس پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو گئی اور متعدد زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک جس سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے ۔واقعہ کے بعد میتیں لینے کیلئے جانے والی گاڑیوں پر بھی فائرنگ کی گئی جس میں مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے ۔ تحفظ عزاداری کونسل نے واقعہ کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق آٹھ سے دس نامعلوم مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہوں نے آٹھ سے دس منٹ تک زائرین کی بس پر مسلسل فائرنگ کی ۔ بس میں 60 سے 65 مسافر سوار تھے جس میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں ، فائرنگ سے 26 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ، لک پاس دور آفتادہ علاقہ ہے جہاں امدادی ٹیمیں پہنچنے میں کافی وقت درکار تھا جس سے زخمیوں کو فوری طبی امداد نہ مل سکی ۔ زخمیوں کو مستونگ کے ڈسٹرکٹ اسپتال اور کوئٹہ کے سول اور بولان اسپتالوں میں منتقل کیا گیاجہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔
واقعہ کے بعد کوئٹہ سے لک پاس جانے والے جاں بحق افراد کے لواحقین کی گاڑیوں پر اختر آباد کے علاقے میں فائرنگ کی گئی جس میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ،دوسری جانب تحفظ عزاری کونسل نے واقعہ کی شدید مذمت کی اور تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ۔