تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:38

شہدا کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا

اے آر وائی - نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا اور ملک بھر میں ماتمی جلوس نکالے گئے۔اس موقع پر سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت تھے۔



کراچی میں شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو ایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ امام بارگاہ شاہ خراساں پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بندکر دیا گیا تھا اور حفاظتی انتظامات کے تحت پندرہ ہزار پولیس اہلکارتعینات تھے ۔چہلم کے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔



حیدرآباد، سکھر ،نوابشاہ، سانگھڑ ، بدین سمیت سندھ کے کئی چھوٹے بڑے شہروں میں چہلم کے جلوس نکالے گئے۔ عزاداروں نے زنجیر زنی اور سینہ کوبی کی۔پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ ملتان ، ڈی جی خان، لیہ، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور، مظفر گڑھ ، بھکر،میانوالی ، جھنگ ، چنیوٹ ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں جلوس برآمد ہو ئے جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہوئے۔



اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے ۔پشاور،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخواہ کے شہروں میں چہلم کے جلوس برآمد ہوئے جن کی حفاظت کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ پنجابی علمدارروڈ سے برآمد ہوا جو بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوا۔



جلو س کے راستے میں آنے والی تمام دکانیں سیل اور راستوں کو خاردار تاریں اور ٹرک کھڑے کر کے بندکیا گیا۔ راولپنڈی میں امام بارگاہ عاشق حسین سے جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر اختتام پذیر ہوا۔۔کرم ایجنسی سمیت قبائلی علاقوں میں بھی مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.