15 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 2:44
کراچی: لیاری اورماڑی پور میں پولیس مقابلوں میں 2ملزم ہلاک
جیو نیوز - کرا چی .........کراچی کے علاقے لیاری اور ماڑی پور میں پولیس مقابلوں میں 2ملزم ہلاک جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ بغدادی کے علاقے میں گینگ وار ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی جہاں ایک مکان میں چھپے ہوئے ملزم نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ ملزم کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے جوکہ بابا لاڈلہ گروپ کا کمانڈر تھا، جو صادق گڈانی کی ہلاکت کے بعد سے علاقے کا کنٹرول سنبھالا ہوا تھا۔ ملزم درجن سے زائد قتل اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھا اور اس نے 4دن قبل بغدادی میں وائن شاپ پر فائرنگ کرکے دکان کے مالک کو قتل کیا تھا۔
دوسری جانب ماڑی پور روڈ پر انسداد دہشت گردی محکمے کی ٹیم پر ملزم ثمیر عرف چھوٹو نے دستی بم سے حملہ کیا جس سے 2اہلکار زخمی ہوگئے، بعد میں اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ملزم ہلاک ہوگیا۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈے کے مطابق ملزم محمد ثمیر 3رینجرز اہلکاروں کو اغوا کرکے قتل کرنے میں ملوث ہے اور ملزم ثمیر عرف چھوٹو کا تعلق لیاری گینگ وار کے غفار زکری گروپ سے تھا۔