16 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:16
گیتا کے والدین بے قرار، بیٹی کا انتظار شروع کر دیا
جیو نیوز - کراچی........ پندرہ برس سے ایدھی فاؤنڈیشن میں رہائش پذیر بھارتی لڑکی گیتا کو اپنے گھر والوں سے ملوانے کے لیے جاری کوششیں رنگ لے آئیں۔
گیتا کی کہانی ، سب نے سنی جیو کی زبانی، پاکستان میں رہنے والی بھارتی گیتا، اپنے گھر والوں سے ملنے کے لیے بے چین ہے، تو وہاں بھی گیتا کے بوڑھے والدین اپنی بیٹی کو خوش آمدید کہنے کے لیے گھڑیاں گن رہے ہیں۔
اتفاق کہیے یا حسن اتفاق، ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ میں سلمان خان نے گویائی سے محروم منّی کو گھر پہنچایا ، انہی دنوں گیتا کا کیس بھی سامنے آیا اور فلم کی اسٹوری سے مماثلت کی وجہ سے گیتا کی کہانی میں لوگوں کی دلچسپی بڑھ گئی۔ میڈیا نے بھی خوب کوریج دی۔
ادھر گیتا کے والدین نے ٹی وی پر بیٹی کو دیکھا تو بے قرار ہوگئے ۔ گیتا کے بوڑھے والد جناردن مہتو بتاتے ہیں کہ گیارہ سال کی تھی گیتا جب اپنی ماں کے ساتھ بیساکھی کا میلہ دیکھنے گئی اور وہیں کھوگئی۔
ٹی وی پر بیٹی کو دیکھنے کے بعد انہوں نے فارن منسٹر سشما سوراج سے بھی رابطہ کیا، جہاں انہیں پیپر ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ امید کی جارہی ہے کہ گیتا چھبیس اکتوبر کو اپنے والدین سے جاملے گی۔