23 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:32
کربلا کا تپتا ریگزار، تین روز کی پیاس، دریا پر یزیدی افواج
جیو نیوز - کراچی........کربلا کا تپتا ریگزار، تین روز کی پیاس اور دریا پر یزیدی افواج، یہ ذکر ہے خاندان رسول ﷺ پر کربلامیں بیتے مصائب کا۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مجالس اور جلوسوں میں نواسہ رسولﷺ کی دین اسلام کےلیے قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جارہاہے ۔
چودہ سو برس پہلے آج ہی کے روز کربلا میں آل رسولﷺ پر پانی بند ہوئے دو روز ہوچکے، نویں محرم کا دن ڈھل چکا، شب عاشور آنے کو ہے،وہ شب،جب امام عالی مقام نے اپنے جانثار ساتھیوں کو جمع کیا اور کہا کہ جو واپس جانا چاہے چلاجائے،اس پر کوئی قرض نہیں،کیونکہ روز عاشور یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت لوح محفوظ پر لکھی جاچکی ہے۔
اسی شہادت کی یادوں کی لو دلوں میں آج بھی جل رہی ہے تو آنکھوں سے اشکوں کی برسات ہے، کربلا کے بہتر شہدا کی یاد میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مجالس عزا برپا کی گئیں،شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے ۔
عزاداروں کا کہنا تھا کہ کربلا وہ درس گاہ ہے جس نے رہتی دنیا تک یہ بتادیا کہ باطل کے سامنے سر جھکانے سے بہتر ہےکہ انسان اپنی جان دے دے،ظلم کے آگے کھڑے ہوکر نواسہ رسولﷺ نے نانا کے دین کو زندہ جاوید کردیا۔