تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:48

نویں محرم کے جلوسوں کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات

جیو نیوز - کراچی.......نویں محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات دیکھنے کو ملے، مختلف شہروں میں موبائل فون خاموش رہے تو وائی فائی سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی، جلوسوں کے راستوں کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بھی نگرانی کی جاتی رہی ۔

نویں محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے حکام کی جانب سے سخت حفاظتی انتطامات دیکھنے میں آئے ۔ تخریب کاروں کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے خدشے کے پیش نظر کراچی میں موبائل فون کو خاموش کردیا گیا تو وائی فائی سروس بھی جزوی طور پر بند رکھی گئی،جلوس کے راستوں پر پندرہ ہزار سیکیورٹی اہل کاروں کے ساتھ روبوٹک ڈیوائسز کی مدد بھی حاصل کی گئی تو چھتوں پر اسنائپرز تعینات رہے۔

اطراف کی سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا،اسلام آباد میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رکھی گئی، ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بھی جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی کی جاتی رہی،لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیا، جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب رہے، اہم شاہراہوں پر پاک فوج کی پٹرولنگ بھی ہوتی رہی۔

پشاور میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی، موبائل فون کے سگنلز بھی بند رہے، کوئٹہ میں بھی، نویں محرم کے جلوس کےروٹس سمیت دیگر شاہراہوں اور مختلف مقامات پر پولیس، ایف سی، بلوچستان کانسٹبلری کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتے رہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.